شہر کے مصروف تجارتی علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران صورتحال کشیدہ ہو گئی اور نامعلوم افراد کی فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاعات کے مطابق ایمپریس مارکیٹ کے قریب انتظامیہ کی جانب سے اینٹی اینکروچمنٹ آپریشن شروع کیا گیا۔ جیسے ہی متعلقہ ٹیم موقع پر پہنچی تو کچھ مشتعل افراد نے مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ شروع کر دی، جس سے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آوازوں سے پورا علاقہ گونج اٹھا جبکہ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں، جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ کشیدہ حالات کے باعث آپریشن میں شریک عملے کو عارضی طور پر پیچھے ہٹنا پڑا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پریڈی پولیس سمیت دیگر پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کو قابو میں لانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ ذرائع کے مطابق وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے حالات کو معمول پر لانے کے لیے متحرک رہے۔
یہ پڑھیں ماہِ رمضان میں یتیم بچوں کی کفالت بڑھائی جائے، افتخار چوہان
حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔






