
حضرت علی ؓکی حیات مبارک اہل اسلام کے لئے مینارہ نور ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
بطور خلیفہ المسلمین آپ ؓکی شہادت تک کی پوری زندگی ان گنت اسباق سے عبارت ہے:گفتگو
حضرت علیؓ نے بچوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کرکے زندگی بھر رسولؐ کا ساتھ دیا:چیئرمین
آج کی مسلم امہ اگر اپنا کھویا ہوا مقام پانا چاہتی ہے تو انہیں خلیفہ چہارم کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا
یوم شہادت حضرت علیؓ احکامات الہیہ پر عمل کرنے کا تقاضا کررہا ہے چاہے جان ہی کیوں نہ چلی جائے
(سید راشد بخاری )چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ حضرت علی ؓ کی حیات مبارک اہل اسلام کے لئے مینارہ نور ہے جس پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف تمام مشکلات و پریشانیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے.
بلکہ دنیا و آخرت میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہوا جاسکتا ہے،بطور خلیفہ المسلمین آپ ؓکی شہادت تک کی پوری زندگی ان گنت اسباق سے عبارت ہے،
آپؓ کی حیات مبارکہ صبر وشجاعت کیساتھ حکمت و تدبر اور معاملہ فہمی کا درس دیتی ہے،حضرت علیؓ نے بچوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کرکے زندگی بھر رسولؐ کا ساتھ دیا اور اپنی زندگی کو اسلام کیلئے وقف کرتے ہوئے دشمنان اسلام کا ہر میدان میں جوانمردی اور بہادری سے مقابلہ اور انہیں شکست سے دو چار کیا،
آج کی مسلم امہ اگر دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ پانا چاہتی ہے تو انہیں خلیفہ چہارم کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ ایک مرتبہ مسلم کش عناصر اکٹھے ہوکر مسلمانوں کے خلاف برسر پیکار انہیں باہمی اتحاد و اتفاق سے ہی شکست دی جاسکتی ہے اور اس کے لیے مسلمانوں کو تمام تر اختلافات بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ احکامات الہیہ پر من و عن عمل کرنے کا تقاضا کررہا ہے چاہے اس کیلئے آپ کی جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔
انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ امیرالمومنینؓ نے حکومت کا حصول کبھی ہدف نہیں سمجھا بلکہ اپنے اصلی اور اعلیٰ ہدف تک پہنچنے کا ذریعہ قرار دیا،آپ ؓ کے اقوال و فرامین حکمرانوں کے لئے روشن مثالیں ہیں کہ وہ گڈ گورننس قائم کرتے وقت کس طرح اپنی ذات پر قوم کو ترجیح دیتے ہیں اور انصاف کا قیام کسی مصلحت کے بغیر کرتے ہیں۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان
21-03-2025