ورلڈ بینک کا نائجیریا کے لیے 1.25 ارب ڈالر کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان، روزگار اور معیشت پر توجہ
ابوجا: ورلڈ بینک گروپ نے نائجیریا کی معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے 1.25 ارب ڈالر کے مالیاتی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فنڈنگ 2026 سے 2032 تک جاری رہنے والے نئے شراکتی منصوبے کے تحت فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور بنیادی شعبوں کو مضبوط بنانا ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق حالیہ معاشی اصلاحات کے نتیجے میں نائجیریا میں معاشی نمو، حکومتی آمدن اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے۔ اب نئے منصوبے کے ذریعے ان فوائد کو عام شہریوں تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
یہ پڑھیں فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026: فرانس کی عراق کے خلاف شاندار فتح، ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی
منصوبے کے تحت تقریباً 3 کروڑ 20 لاکھ افراد کو بجلی کی بہتر سہولت، 5 کروڑ 80 لاکھ افراد کو براڈ بینڈ انٹرنیٹ تک رسائی، 4 کروڑ افراد کو صحت اور غذائیت کی بہتر خدمات جبکہ 95 لاکھ کسانوں کو زرعی شعبے میں جدید سہولیات فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس مالی معاونت سے سرمایہ کاری کے قوانین میں اصلاحات، ڈیجیٹل نظام کی بہتری، بجلی کے منصوبوں کی توسیع، علاقائی تجارت میں آسانی اور زرعی شعبے کی استعداد بڑھانے پر بھی کام کیا جائے گا۔
ورلڈ بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ، معاشی اصلاحات اور بنیادی رکاوٹوں کا خاتمہ نائجیریا میں پائیدار ترقی، غربت میں کمی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ نائجیریا کی طویل المدتی معاشی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔