بھوپال کے شاہی خاندان کا ورثہ بھی تنازع کی زد میں، سوشل میڈیا پر شدید بحث، کرینہ اور سیف کا تاحال کوئی ردعمل نہیں
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کی دیوالی کے موقع پر شیئر کی گئی تصاویر نئے تنازع کا سبب بن گئی ہیں۔ تصاویر میں انہوں نے جو زمرد جڑا ہار پہن رکھا ہے، اس پر قرآنِ پاک کی آیت الکرسی کندہ ہے۔ اسی بنیاد پر اداکارہ اور ان کی اسٹائلسٹ ریا کپور کو قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوٹس کانگریس کے ترجمان اور قومی میڈیا کوآرڈینیٹر عباس حفیظ کی جانب سے ان کے وکیل محمد ظفر کے ذریعے بھیجا گیا۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ:
- متعلقہ تصاویر، ویڈیوز اور پوسٹس سوشل میڈیا سے فوری طور پر ہٹائی جائیں
- عوامی سطح پر معافی مانگی جائے
- آئندہ مقدس آیات کی حرمت کا خیال رکھنے کی یقین دہانی کرائی جائے
اعتراض کس بات پر ہے؟
وکیل کے مطابق اعتراض نہ تو دیوالی منانے پر ہے اور نہ ہی زیور پہننے پر، بلکہ قرآنی آیت کو فیشن کے انداز میں پیش کرنے پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم روایت میں اس آیت کی تلاوت یا قرآن کو چھونے سے پہلے وضو کو ضروری سمجھا جاتا ہے، اس لیے اس طرح کی نمائش سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
زیور کا پس منظر:
کرینہ نے دو روز قبل انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کی تھیں۔ ریا کپور کی پوسٹ کے مطابق اداکارہ نے چاندی رنگ کا کافتان اور پگڑی پہنی، جس کے ساتھ نوابِ بھوپال کی تقریباً 200 سال پرانی کلغی اور بیگمِ بھوپال کا 30 قیراط کا زمرد بھی شامل تھا۔ بتایا گیا کہ یہ زیورات بھوپال کے شاہی خاندان کی میراث ہیں جو سیف علی خان کے خاندان کے ذریعے کرینہ تک پہنچے۔ سیف کی دادی ساجدہ سلطان بھوپال کے آخری نواب کی صاحبزادی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں عوام کے لیے بڑی خبر، 23 ستمبر کو عام تعطیل
سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل:
تصاویر سامنے آنے کے بعد کئی صارفین نے آیت الکرسی کی بے حرمتی نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف کچھ ہندو صارفین نے بھی اعتراض کیا کہ تہوار پر اسلامی طرز کے لباس اور زیور کیوں استعمال ہوئے۔ اس کے برعکس ایک طبقے کا کہنا ہے کہ معاملہ اتنا بڑا نہیں تھا اور خاندانی ورثے کو غیر ضروری طور پر متنازع بنایا گیا۔
تاحال کرینہ کپور، سیف علی خان یا ریا کپور کی طرف سے نوٹس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔