حکومتیں ناکام! حافظ نعیم نے احتجاجی جلسوں کی تاریخیں دے دیں

کہیں حکومتی رٹ نہیں، حافظ نعیم الرحمان کا لاہور، پشاور، کراچی میں جلسوں کا اعلان

کراچی (نمائندہ خصوصی) — امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ملک گیر احتجاجی جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہو چکی ہیں اور ملک میں کہیں ریاستی عملداری نظر نہیں آتی۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 29 نومبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر، 12 دسمبر کو پشاور میں اور 20 دسمبر کو کراچی میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عام شہری کے حقوق کی آواز اٹھا رہی ہے، جبکہ کراچی میں سندھی اور مہاجر کی سیاست اب مزید نہیں چلے گی۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق ملک میں مہنگائی کی صورتحال مزید بگڑ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں ملا اور حکومت مکمل گورننس قائم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبے اور وفاق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بدعنوان قرار دیے گئے اداروں میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی کرپشن سب سے نمایاں ہے۔

سندھ حکومت کے گھروں کی تعمیر کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ گھر کہاں بنے ہیں، کوئی ہمیں بتائے۔ ان کے مطابق صوبہ سندھ کی صورتحال ابتر ہے اور کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ تک پہنچ چکی ہے، جسے سرکاری سطح پر کم دکھایا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی سے بلوچستان کا سفر مشکل ہو گیا ہے، بلوچستان میں امن عوامی اعتماد کے ذریعے قائم ہو سکتا ہے اور مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔

غزہ کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ سردی بڑھنے سے خیموں کی ضرورت میں اضافہ ہو گیا ہے اور مسلم ممالک کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسرائیل کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے، وہ امن معاہدے کی بار بار خلاف ورزی کرتا ہے اور پیس بورڈ اپنا کردار ادا نہیں کر رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیت المقدس کے لیے بھی معاہدہ ہونا چاہیے، مسئلہ کشمیر پر توجہ دی جائے اور آزاد کشمیر کے معاملے پر حکومت واضح حکمت عملی بنائے۔

Related Posts