راولپنڈی کے تاریخی سنیما کی اراضی کیس میں اہم پیش رفت، اینٹی کرپشن نے 3 افراد گرفتار کر لیے
راولپنڈی میں تقریباً ڈیڑھ سو سال پرانے تاریخی سنیما کی اراضی سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اینٹی کرپشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ایک ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ای ٹی او)، ایک انسپکٹر اور مقدمے میں نامزد ایک مبینہ فائدہ اٹھانے والا شخص شامل ہے۔ الزام ہے کہ سرکاری ریکارڈ میں غیر قانونی رد و بدل کرکے اراضی کی ملکیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔
یہ پڑھیں شرپسند بی وائی سی کا مسنگ پرسنز بیانیہ بے نقاب، لاپتا شخص فتنۃ الہندوستان کا دہشت گرد نکلا
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ عدالت سے ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
یہ کارروائی سنیما کی اراضی کے مالک بلال صادق کی درخواست پر شروع کی گئی، جن کا مؤقف ہے کہ ایک شخص نے بعض میونسپل کارپوریشن اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے زمین پر قبضہ کیا اور جعلی پاور آف اٹارنی کے ذریعے تقریباً دو کنال اراضی اپنے نام منتقل کرا لی۔
تحقیقات کے دوران اینٹی کرپشن نے اس معاملے سے متعلق دیگر سرکاری محکموں کے افسران کو بھی شاملِ تفتیش کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ اگر کسی اور کی ذمہ داری یا کردار سامنے آئے تو اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔