جتوئی سے نمائندہ ( بیر و چیف تحصیل جتوائی حافظ محمد فاروق احمد خان سعیدی القادری سٹھاری۔ ):نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت، سید مظفر شاہ بخاری سپردِ خاک
شہر سلطان: جماعت اہل سنت پاکستان ضلع مظفرگڑھ کے نائب امیر، جماعت اہل سنت پاکستان تحصیل جتوئی کے سرپرستِ اعلیٰ، ممبر امن کمیٹی ضلع مظفرگڑھ اور ممبر علماء و ائمہ کرام تحصیل جتوئی، عاشقِ رسول ﷺ، خادمِ قرآن اور ممتاز دینی و سماجی شخصیت سید مظفر شاہ بخاری مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بروز جمعہ صبح 8:00 بجے گورنمنٹ ہائی سکول شہر سلطان میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں شہر سلطان، ضلع مظفرگڑھ، تحصیل جتوئی، علی پور اور پنجاب کے مختلف شہروں سے علماء کرام، مشائخِ عظام، حفاظِ کرام، طلبہ، شاگردوں، معززینِ علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکائے جنازہ کی غیر معمولی تعداد مرحوم سے عوام کی بے پناہ محبت، عقیدت اور ان کی دینی خدمات کا عملی ثبوت تھی۔
مرحوم سید مظفر شاہ بخاری نے اپنی پوری زندگی قرآنِ کریم کی تعلیم و اشاعت، دینِ اسلام کی خدمت، محبتِ رسول ﷺ کے فروغ، اخلاقِ حسنہ، عاجزی، انکساری اور خدمتِ خلق کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ نہایت خوش اخلاق، نرم گفتار، مخلص، مہمان نواز اور ہر طبقۂ فکر میں یکساں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی دینی، سماجی اور اصلاحی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
جماعت اہل سنت پاکستان ضلع مظفرگڑھ اور تحصیل جتوئی کے عہدیداران نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اہل سنت تحصیل جتوئی حافظ محمد فاروق احمد خان سعیدی القادری سٹھاری، ناظمِ اعلیٰ جماعت اہل سنت تحصیل جتوئی قاری محمد شکیل احمد خان سعیدی، چیف آرگنائزر ملک محمد طارق جاوید سعیدی، امیر جماعت اہل سنت مہر سعید احمد سعیدی، متحدہ علماء و مشائخ کے سربراہ صاحبزادہ محمد اکمل کریم مہروی، مفتی اہل سنت مفتی محمد یار سعیدی، ممبر ڈویژنل امن کمیٹی سینیئر نائب امیر ضلع مظفرگڑھ محمد طارق مہروی، چیف ارگنیزر جماعت اہل سنت ضلع مظفرگڑھ محمد سجاد سیال مہروی، علامہ محمد خالد سعیدی، علامہ نور الحسن جلالی، علامہ محمد مدنی سعیدی، علامہ محمد حنیف سعیدی، صدر جماعت اہل سنت تحصیل علی پور علامہ مفتی غلام محمد سعیدی سمیت دیگر علماء، مشائخ اور عہدیداران نے شرکت کی۔
بعد ازاں علامہ مفتی محمد فیاض احمد سعیدی نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ دعا میں مرحوم کی دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں جماعت اہل سنت پاکستان ضلع مظفرگڑھ اور تحصیل جتوئی کا قیمتی سرمایہ قرار دیا گیا۔
اس موقع پر تحصیل جتوئی کی سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری اور چیئرمین اتحاد میڈیا گروپ تحصیل جتوئی نے بھی خصوصی شرکت کی اور مرحوم کی دینی، سماجی اور ملی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
آخر میں مرحوم کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ سید مظفر شاہ بخاری مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنا دے، اسے نور و رحمت سے بھر دے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، درجات بلند فرمائے اور تمام اہلِ خانہ، شاگردوں، متعلقین اور عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔