اسلام آباد: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے تاریخی اہمیت کے حامل پولیس اسٹیشن گولڑہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے تھانہ گولڑہ میں تعینات پولیس عملے سے ملاقات کی اور ان کے فرائض کی انجام دہی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کے لیے مہیا کردہ سہولیات کا بغور معائنہ کیا تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ پڑھیں تاجروں اور شہریوں کے لیے خوشخبری، ترنڈہ محمد پناہ میں سیکیورٹی مزید سخت
دورے کے دوران آئی جی پی نے تھانہ عملے سے ان کو درپیش مسائل اور مشکلات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے شہریوں کے لیے پولیس سروسز کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے حوالے سے عملے کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
آئی جی اسلام آباد کا یہ دورہ عوام کی فلاح و بہبود اور تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی لانے کی کاوشوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو مؤثر اور بروقت پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔