پاکستان میں بڑھتی بے روزگاری
پاکستان اس وقت جن اہم مسائل کا سامنا کر رہا ہے، ان میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ایک سنگین اور تشویشناک مسئلہ بن چکی ہے۔ روزگار کسی بھی ملک کی معاشی ترقی اور استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم مکمل کرنے کے باوجود مناسب ملازمتوں سے محروم دکھائی دیتی ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف معاشی مشکلات کو بڑھا رہی ہے بلکہ سماجی اور نفسیاتی مسائل کو بھی جنم دے رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری کے بڑھنے کی کئی وجوہات ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی، معاشی عدم استحکام، مہنگائی اور صنعتی شعبے کی سست روی اس مسئلے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تعلیمی نظام اور مارکیٹ کی ضروریات کے درمیان موجود فرق بھی ایک اہم سبب ہے۔ اکثر نوجوان اعلیٰ تعلیم تو حاصل کر لیتے ہیں، لیکن عملی مہارتوں اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہونے کے باعث روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
مزید یہ کہ روزگار کے محدود مواقع اور تجربے کی شرط بھی نوجوانوں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔ نوجوان بہتر مستقبل کی امید میں ملازمتوں کی تلاش جاری رکھتے ہیں، لیکن مواقع کی کمی انہیں مایوسی اور ذہنی دباؤ کی طرف دھکیل دیتی ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف انفرادی زندگی بلکہ معاشرتی استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
پاکستان میں بڑھتی بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے اثرات صرف معاشی سطح تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس کے سماجی نتائج بھی سامنے آتے ہیں۔ احساسِ محرومی، ذہنی دباؤ اور بے چینی میں اضافہ نوجوان نسل کو متاثر کر رہا ہے۔ اگر اس مسئلے پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو اس کے اثرات مزید گہرے ہو سکتے ہیں۔
اس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ صنعتی شعبے کو فروغ دے اور نئے روزگار کے مواقع پیدا کرے۔ فنی اور تکنیکی تعلیم کو عام کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو عملی مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع، آسان قرضے اور تربیتی پروگرامز کا آغاز بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ بے روزگاری صرف ایک فرد کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا مسئلہ ہے۔ اگر حکومت، تعلیمی ادارے اور متعلقہ شعبے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کریں تو اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت فراہم کرنا ہی روشن اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے
کالم نگار: اریدہ شعیب








