عالمی یومِ سیاحت: وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان کے سیاحتی امکانات اجاگر کرنے پر زور
اسلام آباد، 27 ستمبر 2026: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر پاکستان کے وسیع سیاحتی امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے ملک کی قدرتی خوبصورتی، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، بلند پہاڑی سلسلوں، خوبصورت وادیوں، تاریخی مقامات اور متنوع ثقافتی روایات سے مالا مال ہے، جو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں سیاحت کے فروغ، سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری اور مقامی آبادی بالخصوص نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
یہ پڑھیں150 سال پرانے سنیما کی زمین کا تنازع، اینٹی کرپشن کا بڑا کریک ڈاؤن
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک محفوظ، پرکشش اور مسابقتی سیاحتی مقام کے طور پر پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ہزاروں سال پر محیط تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں وادیٔ سندھ اور گندھارا تہذیبوں سمیت قدیم تہذیبوں کے آثار موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان سکھ مت، بدھ مت اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے تاریخی اور مقدس مقامات کا بھی مرکز ہے، جو مذہبی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت نہ صرف معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہے بلکہ مختلف اقوام کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے اور مختلف ثقافتوں کو سمجھنے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت اور تفریح صحت مند سرگرمیوں، مثبت طرزِ زندگی اور متوازن معاشرے کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے عوام اور تمام متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی مہمان نوازی، ثقافتی ورثے اور قدرتی حسن کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔