ملتان (اسٹاف رپورٹر) پیپلز لائرز فورم (پی ایل ایف) کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ بار ہال ملتان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق، ضلعی صدر بیرسٹر فیض رسول لابر، فیروزہ فیض اور سید عارف شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کے نوجوانوں کا حقیقی نمائندہ لیڈر قرار دیا جا سکتا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین کی حیثیت سے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، جبکہ بطور وزیرِ خارجہ انہوں نے آزاد خارجہ پالیسی کو فروغ دیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی حیثیت اور وقار میں اضافہ ہوا۔
مقررین نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کیا، جنہیں وہ غیر قانونی اور عالمی قوانین کے منافی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بےنظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بلاول بھٹو نے ان کے مشن کو آگے بڑھایا اور پارٹی کارکنوں میں نیا جوش پیدا کیا۔ سندھ میں مقامی حکومتوں کے نظام کو بھی ان کی جمہوری فکر کی عکاسی قرار دیا گیا۔
یہ پڑھیں تاجروں اور شہریوں کے لیے خوشخبری، ترنڈہ محمد پناہ میں سیکیورٹی مزید سخت
تقریب میں جنرل سیکرٹری بار ملک سعادت حسین، پنجاب بار کونسل کے رکن چوہدری سعید احمد، سید حسنین شاہ، واجد رضوی، نوید ہاشمی، عدنان حیدری، فیاض بھٹہ، عائشہ علی سمیت وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی گئی، اور آخر میں کیک کاٹ کر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی درازیٔ عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔