ملتان میں جٹ برادری کا بڑا اجتماع، اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا اعلان

ملتان (اسٹاف رپورٹر): جٹ اتحاد پاکستان جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام ملتان کے علاقے سمیجہ آباد، عثمان غنی روڈ پر ایک پروقار کنونشن منعقد ہوا، جس میں جٹ برادری کے سرکردہ رہنماؤں، عہدیداروں اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے جٹ اتحاد کے بانی یوسف جٹ اور میزبان چودھری محمد اکرم بندیشہ جٹ نے کہا کہ برادری کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا تاکہ برادری کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر مضبوط بنایا جا سکے۔

مقررین نے کہا کہ جٹ برادری ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ برادری کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جٹ اتحاد پاکستان کا مقصد برادری کے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانا، ان کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنا اور فلاح و بہبود کے کاموں کو فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے ہی اجتماعی مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں فیصل آباد میں کندھوں پر جیکٹس بیچنے والوں کے خلاف کارروائی، ویسٹ کوٹس قبضے میں لے لیے گئے

کنونشن سے چودھری اسلم بندیشہ جٹ، چودھری یاسر جٹ، چودھری زوہیب جٹ، چودھری الطاف ڈھلوں جٹ، چودھری اشتیاق کاہلوں، چودھری اختر امان اللہ واہلہ، چودھری پرویز ایڈووکیٹ، تجمل جٹ، منور ننکانہ، سخاوت علی جٹ، مشتاق جٹ، عبدالمنان جٹ، تجمل بھنڈر، ابرار جٹ، چوہدری نعیم مڑیال جٹ، چوہدری الیاس جٹ اور چوہدری محمد ہمایوں جٹ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے اعلان کیا کہ جٹ اتحاد پاکستان کو جنوبی پنجاب کی سطح پر مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا۔ برادری کے مستحق افراد کی مدد، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اتحاد، بھائی چارے اور فلاح و بہبود کے مشن کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

Related Posts