خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے کے مختلف شہروں میں پیر 12 اکتوبر کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کئی اضلاع میں امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
پشاور:(ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر پشاور کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کی حدود میں واقع تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات پیر کے روز بند رہیں گی۔
نوشہرہ: نوٹیفکیشن کے مطابق 12 اکتوبر کو اسکولوں اور کالجوں سمیت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ پیر کو ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
مردان: ضلع بھر میں 12 اکتوبر کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جبکہ اس تاریخ کو ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
چارسدہ اور صوابی: دونوں اضلاع میں بھی تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
کوہاٹ: یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوہاٹ پیر 12 اکتوبر کو بند رہے گی۔
یہ پڑھیں دریا کی نذر ہوتی بستی گوپانگ، متاثرین کا حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ
ایبٹ آباد بورڈ کے امتحانات ملتوی
ایبٹ آباد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ جلد جاری کی جائے گی۔
صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، جس کے بعد وزیراعلیٰ کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے، جس میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔