مری ایکسپریس وے پر سیاحوں کی وین میں ہولناک آتشزدگی، 10 افراد جاں بحق

مری : مری ایکسپریس وے پر سیاحوں کی وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے اور 8 جھلس کر زخمی ہوئے۔

رپورٹ: عظیم الشان ٹی وی

تفصیلات کے مطابق مری ایکسپریس وے پر کہجوٹ کے قریب سیاحوں کی مسافر وین میں اچانک آگ لگنے سے ہولناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 10 افرادجاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 8 جھلس کر زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، مری انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر وین تیز رفتاری کے باعث پہلے بے قابو ہو کر سڑک کی حفاظتی دیوار سے ٹکرائی، دیوار سے ٹکرانے کے نتیجے میں گاڑی کا فیول ٹینک پھٹ گیا اور پٹرول لیک ہونے کی وجہ سے پوری وین سیکنڈوں میں آگ کی لپیٹ میں آگئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اندر موجود مسافروں کو گاڑی سے نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا، جس کی وجہ سے جانی نقصان ہوا۔

حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے 8 افراد کو فوری طور پر پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، جبکہ آتشزدگی کے واقعے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

Related Posts