پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نظام ماہانہ بنیادوں پر منتقل کرنے کی تجویز
پٹرول پمپ ڈیلرز مارجن کو فیصد کی بنیاد پر مقرر کیا جائے، ہفتہ وار قیمتوں میں تبدیلی کا نظام ختم کیا جائے: میاں نوید مالک
ساہیوال: پرنس الطاف حسین سے ،،،عوام دوست شخصیت سینئر وائس پریزیڈنٹ، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پنجاب، میاں نوید مالک نے حکومتِ پاکستان، وزارتِ پٹرولیم اور اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کو موجودہ فکس رقم کے بجائے فیصد (Percentage) کی بنیاد پر مقرر کیا جائے تاکہ پٹرول پمپ مالکان بڑھتے ہوئے اخراجات کے باوجود اپنے کاروبار کو مستحکم انداز میں جاری رکھ سکیں۔
یہ پڑھیں مظفرگڑھ میں شاندار تقریبِ رخصتی، راؤ عاطف علی خان نے نئی جوڑی کو دعاؤں سے نواز دیا
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پٹرول پمپوں کے آپریشنل اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بجلی، گیس، عملے کی تنخواہوں، سیکیورٹی، بینکنگ چارجز اور دیگر انتظامی اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ ڈیلرز مارجن میں اس تناسب سے اضافہ نہیں کیا گیا، جس کے باعث پٹرول پمپ مالکان شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
میاں نوید مالک نے کہا کہ پاکستان بھر میں تقریباً 14 ہزار پٹرول پمپ فعال ہیں جن سے لاکھوں افراد اور ان کے خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ اگر ڈیلرز مارجن کو موجودہ حالات کے مطابق بہتر نہ کیا گیا تو اس شعبے کی بقاء اور سرمایہ کاری دونوں متاثر ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ ڈیلرز مارجن کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے فیصد کی بنیاد پر مقرر کیا جائے۔ اس طریقہ کار سے قیمتوں میں اضافے یا کمی کے مطابق مارجن بھی خودکار طور پر ایڈجسٹ ہوتا رہے گا اور پٹرول پمپ مالکان کو اپنے اخراجات پورے کرنے میں سہولت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل کا موجودہ نظام بھی متعدد مسائل کو جنم دے رہا ہے۔ قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے باعث سپلائی چین متاثر ہوتی ہے، اسٹاک مینجمنٹ میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور کئی مرتبہ عوام کو بھی غیر ضروری پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ پڑھیں راجن پور کلاں میں تعزیت کا سماں، الحاج سردار محمد علی خان بٹوانی کی نماز جنازہ ادا
میاں نوید مالک نے مطالبہ کیا کہ قیمتوں کے تعین کا نظام ہفتہ وار کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر منتقل کیا جائے تاکہ مارکیٹ میں استحکام پیدا ہو، سپلائی کا تسلسل برقرار رہے، ڈیلرز کو غیر ضروری مالی نقصانات سے بچایا جا سکے اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ پٹرولیم ڈیلرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ اس اہم شعبے سے وابستہ لاکھوں خاندانوں کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی جاری رہے