اب پنجاب میں بنیں گی الیکٹرک موٹر سائیکلیں، روزگار کے نئے مواقع کھل گئے
لاہور (ویب ڈیسک) چین کی جی فورس گروپ اور ایک مقامی الیکٹرک وہیکل کمپنی کے درمیان پنجاب میں ای وی مصنوعات کی تیاری اور تجارت کے لیے مشترکہ منصوبے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے مطابق مقامی کمپنی شیخوپورہ کے قائداعظم بزنس پارک میں الیکٹرک موٹر سائیکلیں تیار کرنے کا پلانٹ قائم کرے گی۔ دوسری جانب جی فورس گروپ صوبے میں بیٹریاں اور ای وی چارجنگ اسٹیشن بنانے کا پلانٹ لگائے گا۔
یہ بھی پڑھیں۔ حکومت کا پیٹرول کی قیمت بڑھانے اور ڈیزل سستا کرنے کا اعلان، 6 اکتوبر سے نئے ریٹ نافذ
معاہدے پر دستخط کی تقریب لاہور کے ڈیوس روڈ پر واقع پی آئی ایس سی ہاؤس میں ہوئی، جس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین مہمانِ خصوصی تھے۔ جی فورس گروپ چائنا کے ڈائریکٹر ژانگ رے اور مقامی کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد نے معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب میں چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت ای وی سیکٹر کو وسعت دینے پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں الیکٹرک دو پہیہ گاڑیاں بنانے والی کئی فیکٹریاں پہلے ہی کام کر رہی ہیں، جبکہ دیگر مقامی اور غیر ملکی کمپنیاں بھی اپنے مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کر رہی ہیں۔
وزیر کا کہنا تھا کہ آنے والے برسوں میں الیکٹرک بائیکس بتدریج پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کی جگہ لے سکتی ہیں، جس سے شور اور فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں۔ عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، حکومت کی پیٹرولیم لیوی 1.34 ٹریلین روپے سے اوپر
انہوں نے پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی اور چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ صوبے میں ای وی چارجنگ اسٹیشن بنانے کے کارخانے بھی لگائیں۔
شافع حسین نے کہا کہ اس مشترکہ منصوبے سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کے بقول چینی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط کر رہی ہے۔