قصور کے بعد اب ملتان کی باری جے یو آئی کا قاسم باغ میں تاریخی جلسے کا دعویٰ
ملتان (شکیل چوہدری) جمعیت علمائے اسلام پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا نصیر احمد احرار نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت کا مقابلہ ان طاقتوں سے ہے جو گزشتہ 80 سال سے عوام کے حقوق پر قابض ہیں۔ ان کے بقول جے یو آئی اسلام، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔
ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے معاملے پر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن سخت مذمت کر چکے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کے مطابق یہ اقدام آئین کی روح اور عوامی آزادیوں کے منافی ہے اور اس کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں۔ مولانا فضل الرحمان کا دھماکہ خیز بیان: مشرف سے آج تک ہر دور میں حالات بگڑے
ضلعی امیر مفتی عامر محمود نے بتایا کہ مفتی محمود رحمہ اللہ نے اپنی زندگی ملتان میں گزاری۔ انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 15 اکتوبر کو قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں مفتی محمود کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کو تحریری درخواست دی جا چکی ہے، مگر اب تک این او سی جاری نہیں ہوا۔ انہوں نے دوٹوک کہا کہ این او سی ملے یا نہ ملے، جلسہ ہر صورت ہوگا۔
مفتی عامر محمود نے الزام لگایا کہ شہر کی چھوٹی بڑی سڑکوں پر کانفرنس کے لیے لگائے گئے پینا فلیکس اور پوسٹرز انتظامیہ اتار رہی ہے، جسے انہوں نے افسوس ناک قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قصور کی طرح قاسم باغ میں بھی عوام کا بڑا اجتماع ہوگا۔
رہنماؤں نے بتایا کہ ملتان کے بعد جے یو آئی 26 نومبر کو سرگودھا میں جلسہ کرے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 19 جولائی کو ملتان میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر حکومت نے دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں۔ ضلع کرم میں بڑی کارروائی: دراندازی ناکام، 12 دہشتگرد ہلاک
مولانا نصیر احمد احرار نے کہا کہ نادیدہ قوتوں کی وجہ سے ایسے حکمران مسلط ہیں جو عوام کے حقیقی نمائندے نہیں۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے غریب آدمی خودکشیوں پر مجبور ہو رہا ہے، جبکہ تاجر، مزدور، طلبہ، کسان اور خواتین بھی پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھی اشرافیہ کو عوام کا کوئی احساس نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور انتظامیہ رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے تعاون کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن ملکی استحکام، اداروں کی بالادستی اور عدل پر مبنی نظام کے لیے کوشاں ہیں اور وہ مفتی محمود کانفرنس میں ملکی حالات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ہر شعبے کے نمائندوں کو دعوت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق جے یو آئی اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لیے سرگرم ہے، اور ان شاء اللہ ملتان کا جلسہ تاریخی ثابت ہوگا۔
پریس کانفرنس میں ضلعی جنرل سیکرٹری نور خان ہانس ایڈووکیٹ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات رانا محمد سعید، میاں امجد ضیاء، سفیان مغل، قاری محمد یسین مدنی اور رانا نوید سعید بھی موجود تھے۔